پاکستان سے حج آپریشن کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جس کے تحت پہلی پرواز کراچی سے روانہ ہوئی۔ نجی ایئرلائن کی اس پرواز کے ذریعے 160 عازمین حج کو حجاز مقدس کے لیے رخصت کیا گیا۔
عازمین حج کو رخصت کرنے کے موقع پر کامران ٹیسوری اور وزارت مذہبی امور کے اعلیٰ حکام موجود تھے، جنہوں نے حجاج کرام کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
حکام کے مطابق اس سال کراچی ایئرپورٹ سے 31 ہزار سے زائد عازمین حج حجاز کے لیے روانہ ہوں گے۔ اس موقع پر "روڈ ٹو مکہ” منصوبے کے تحت سعودی حکام عازمین کی امیگریشن کارروائی کراچی ایئرپورٹ پر ہی مکمل کریں گے، جس سے سعودی عرب پہنچنے پر وقت کی بچت ہوگی۔
حج پروازوں کی معطلی کی افواہیں بے بنیاد، تمام انتظامات شیڈول کے مطابق جاری
سعودی میڈیا کے مطابق مکہ روٹ انیشی ایٹو میں شامل ممالک کی تعداد بڑھ کر 10 ہو گئی ہے۔ اس منصوبے کے تحت پاکستان کے علاوہ مراکش، انڈونیشیا، ملائیشیا، بنگلادیش، ترکیہ، آئیوری کوسٹ اور مالدیپ بھی شامل ہیں، جہاں سے عازمین کو سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
