پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں نیدرلینڈز کے خلاف پاکستان کی سنسنی خیز فتح فہیم اشرف کے جڑواں بیٹوں کے نام کر دی۔
میچ کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں محسن نقوی نے نیدرلینڈز کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے اچھا کھیل پیش کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ آج کا میچ فہیم اشرف کے خوبصورت جڑواں بچوں کے نام کرتے ہیں اور ان کی صحت مند اور خوشیوں بھری زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔
ٹی 20 ورلڈکپ: فہیم اشرف کی دھواں دھار بیٹنگ، نیدرلینڈز کو 3 وکٹوں سے شکست
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں پاکستان نے 148 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کرتے ہوئے نیدرلینڈز کو 3 وکٹوں سے شکست دی۔ میچ کے آخری لمحات میں فہیم اشرف کی جارحانہ بیٹنگ نے شائقینِ کرکٹ کے دل جیت لیے اور پاکستان کو ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز دلایا۔
