ملک بھر میں سردی کی ایک نئی لہر داخل ہو گئی ہے جس کے باعث مختلف علاقوں میں موسم مزید سرد ہونے کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے نواحی علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔ شہریوں کو صبح اور رات کے اوقات میں خاص طور پر احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ صوبے کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد کے قریب رہنے کی توقع ہے، جس کے باعث سرد ہوائیں چلنے اور موسم مزید خشک و سرد رہنے کا امکان ہے۔ کوئٹہ اور گردونواح میں سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم شمال مشرقی علاقوں میں موسم کا مزاج بدل سکتا ہے۔ نارووال، سیالکوٹ اور جہلم میں بارش کے امکانات ہیں، جو سردی میں مزید اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔ مری، گلیات اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش کے ساتھ برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث سیاحوں کی آمد میں اضافہ متوقع ہے، تاہم ٹریفک اور سفری مشکلات کا بھی خدشہ ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع جن میں ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، کوہستان، دیر اور سوات شامل ہیں، وہاں بھی چند مقامات پر بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ان علاقوں میں سرد موسم کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کا امکان ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں پھسلن کے باعث محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔
ہزارہ اور مالاکنڈ میں شدید برفباری، کمراٹ اور گلیات کی تمام شاہراہیں بند
گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں بھی بارش اور برفباری متوقع ہے، جہاں پہلے ہی شدید سردی کا راج ہے۔ دوسری جانب سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے اور بارش کے امکانات کم ہیں۔
ادھر لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال ایک بار پھر تشویشناک ہو گئی ہے۔ عالمی سطح پر آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور ساتویں نمبر پر آ گیا ہے۔ شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 184 ریکارڈ کیا گیا ہے، جو صحت کے لیے مضر قرار دیا جا رہا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق ڈی ایچ اے فیز ایٹ میں سب سے زیادہ اے کیو آئی 423 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ وحدت روڈ میں 348 اور ٹھوکر نیاز بیگ کے علاقے میں 324 اے کیو آئی رپورٹ ہوا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں موسم خنک ہے، جہاں کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ اس وقت شہر میں ہوائیں 3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، تاہم ماہرین نے شہریوں کو فضائی آلودگی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
