لاہور کے علاقے چوہنگ میں معروف یوٹیوبر رجب بٹ کے گھر پر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
واقعے کا مقدمہ تھانہ چوہنگ میں رجب بٹ کی مدعیت میں دفعہ 440 اور 429 کے تحت درج کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق، رجب بٹ نے بتایا کہ 24 جون کو رات 9:45 پر وہ اپنے دوستوں کے ہمراہ موجود تھے جب گھر سے اطلاع ملی کہ کچھ نامعلوم افراد ایک کلٹس گاڑی میں آئے، گالیاں دیں اور گھر پر فائرنگ کر کے فرار ہو گئے۔
فائرنگ سے گھر کی دیواروں کو نقصان پہنچا جبکہ گلی میں موجود ایک کتا بھی گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا۔
رجب بٹ نے فوری طور پر 15 پر کال کر کے پولیس کو اطلاع دی، تاہم حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ حملہ انہیں اور ان کی فیملی کو نقصان پہنچانے کی نیت سے کیا گیا۔
رجب بٹ نے حکام سے تحفظ فراہم کرنے اور ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کی اپیل کی ہے۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔