98 فیصد مرد دوستوں کے سامنے بیوی کا مذاق اڑاتے ہیں: سنیتا مارشل

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اداکارہ نے شوہروں کے رویوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشرے میں بیوی کو شوہر سے کم تر سمجھنے کی ذہنیت اب بھی موجود ہے۔

latest urdu news

پاکستانی اداکارہ و ماڈل سنیتا مارشل نے معاشرے میں شوہروں کے اپنی بیویوں کے ساتھ رویے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑی تعداد میں مرد دوستوں کی محفل میں اپنی بیویوں کا مذاق اڑاتے ہیں۔

سنیتا مارشل نے حال ہی میں ایک مارننگ شو میں گفتگو کے دوران ازدواجی تعلقات میں باہمی احترام کے حوالے سے بات کی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تقریباً 98 فیصد مرد دوستوں کے درمیان بیٹھ کر اپنی بیوی کا مذاق اڑاتے ہیں۔

دوستوں میں بیوی کا مذاق اڑانے پر تنقید

اداکارہ نے کہا کہ یہ رویہ ہمارے دیسی کلچر میں زیادہ عام ہے، جبکہ ان کے مطابق مغربی معاشروں میں ایسا رویہ اسی انداز میں نظر نہیں آتا۔

سنیتا مارشل نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی محفل میں بیوی سب کے سامنے شوہر کو کوئی مشورہ دے تو بعض مرد اسی وقت بیوی کو سب کے سامنے یہ کہہ دیتے ہیں کہ وہ اپنے مشورے اپنے پاس رکھے یا اس کا مشورہ بے وقوفوں جیسا ہے۔

اداکارہ کے مطابق شوہر بعد میں بھی اپنی بیوی کو تنہائی میں سمجھا سکتا ہے کہ اس کی رائے درست نہیں تھی، لیکن سب کے سامنے اس کی تضحیک کرنا مناسب رویہ نہیں۔

بیوی کو شوہر سے کم تر سمجھنے کی ذہنیت

سنیتا مارشل نے معاشرتی رویوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشرے میں بعض مردوں کی ذہنیت اس انداز میں بنائی جاتی ہے کہ بیوی شوہر سے کم تر ہے۔

انہوں نے کہا کہ عام طور پر بیویاں اپنے شوہروں سے احترام سے "آپ” کہہ کر بات کرتی ہیں، جبکہ بعض شوہر اپنی بیوی سے "تم” کہہ کر مخاطب ہوتے ہیں کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ بیوی ان سے عمر یا مرتبے میں چھوٹی ہے۔

اسلام قبول کرنے کی بات پر سنیتا مارشل کا شوہر کو دو ٹوک جواب

اداکارہ کے مطابق بعض شوہروں کے ذہن میں یہ تصور بھی پایا جاتا ہے کہ اگر بیوی ان سے چھوٹی ہے تو وہ اس کا مذاق اڑا سکتے ہیں۔

بیان سوشل میڈیا پر وائرل

سنیتا مارشل کا یہ بیان سوشل میڈیا پر بھی زیر بحث ہے، جہاں صارفین مختلف انداز میں اپنی آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔ بعض صارفین نے اداکارہ کے مؤقف سے اتفاق کرتے ہوئے ازدواجی زندگی میں باہمی احترام کو ضروری قرار دیا، جبکہ سوشل میڈیا پر معاشرتی رویوں کے حوالے سے مختلف تبصرے بھی سامنے آ رہے ہیں۔

اداکارہ کی گفتگو کا بنیادی نکتہ یہ تھا کہ میاں بیوی کے درمیان اختلافِ رائے یا کسی بات پر تنقید اپنی جگہ، تاہم ایک دوسرے کی عزتِ نفس کا خیال رکھنا اور خاص طور پر دوسروں کے سامنے تضحیک سے گریز کرنا ازدواجی تعلقات میں احترام برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter