معروف گلوکارہ اور سماجی کارکن میشا شفیع نے ہتکِ عزت کے ایک اہم مقدمے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ برطانیہ میں اے آر وائی نیوز کی نشریات پیش کرنے والے ادارے نیو ویژن ٹی وی (NVTv) نے نہ صرف اپنی غلطی تسلیم کرلی بلکہ میشا شفیع سے باضابطہ معافی بھی مانگ لی ہے۔
برطانوی اخبار ڈان کی رپورٹ کے مطابق، ادارے نے عدالت سے باہر معاہدہ کرتے ہوئے آن ایئر معافی نشر کی اور واضح کیا کہ ان کی رپورٹ سے "غلط فہمی” پیدا ہوئی، اور اگر اس رپورٹ سے میشا شفیع کو کوئی ذہنی اذیت پہنچی ہو تو وہ اس پر دلی معذرت خواہ ہیں۔
یہ معاملہ 5 دسمبر 2020 کو نشر ہونے والی ایک رپورٹ سے شروع ہوا تھا، جس میں NVTv نے دعویٰ کیا تھا کہ میشا شفیع پاکستانی عدالتوں کے احکامات کو مسلسل نظرانداز کرتی رہی ہیں، اور انہوں نے علی ظفر کے دائر کردہ ہتکِ عزت کیس میں بار بار غیر حاضری اختیار کی۔
تاہم برطانیہ کی ہائی کورٹ نے 2023 میں فیصلہ دیا کہ اس رپورٹ نے میشا شفیع کی ساکھ کو نقصان پہنچایا اور انہیں ایک ایسی شخصیت کے طور پر پیش کیا گیا جو قانونی تقاضوں کا احترام نہیں کرتی۔ عدالت کے مطابق، رپورٹ کا انداز بدنیتی پر مبنی اور گمراہ کن تھا۔
چینل کی معافی کے بعد میشا شفیع نے سوشل میڈیا پر اپنی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ میں لکھا، "میں جیت گئی!” انہوں نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ نہ صرف ان کی ذاتی فتح ہے بلکہ ہر اس شخص کے لیے ایک مثال ہے جو انصاف کے لیے آواز اٹھاتا ہے۔