میچ جرمنی کے الیانز ایرینا میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب رات 12 بجے شروع ہوگا
یورپی فٹبال کے دو عظیم کھلاڑی، پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو اور اسپین کے نوجوان اسٹار لامین یامال اتوار کو یوئیفا نیشنز لیگ کے فائنل میں پہلی بار آمنے سامنے ہوں گے۔
یہ میچ جرمنی کے شہر میونخ کے الیانز ایرینا میں پاکستانی وقت کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب رات 12 بجے شروع ہوگا۔
اسپین نے سیمی فائنل میں فرانس کو 5-4 کے سنسنی خیز مقابلے میں شکست دی، جہاں 17 سالہ یامال نے دو گول کر کے میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔
دوسری طرف پرتگال نے جرمنی کو 2-1 سے ہرایا، جس میں 40 سالہ رونالڈو نے فیصلہ کن گول کیا تھا۔
یہ فائنل 40 سالہ کرسٹیانو رونالڈو اور 17 سالہ لامین یامال کے درمیان ایک یادگار مقابلہ تصور کیا جا رہا ہے، جو دنیا بھر کے کروڑوں فٹبال شائقین کے لیے خاص دلچسپی کا باعث ہے۔
واضح رہے کہ یہ میچ 2026 فیفا ورلڈ کپ سے قبل دونوں ٹیموں کے لیے اپنی طاقت، حکمت عملی اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا اہم موقع بھی ہے۔