گجرات، تھانہ اے ڈویژن کے علاقہ محلہ رنگپورہ میں ایک ہولناک واقعے میں ماں نے اپنے ہی دو معصوم بچوں کا گلا دبا کر انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا۔ پولیس نے خاتون کو گرفتار کر کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا، جبکہ اس کے شریکِ جرم ساتھی کی تلاش جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق، مورخہ 6 فروری 2025 کو محلہ رنگپورہ میں عثمان علی کے گھر دو کم سن بچوں کی پراسرار موت واقع ہوئی۔ عثمان علی نے پولیس کو بتایا کہ اس کا پانچ سالہ بیٹا شافع اور تین سالہ بیٹی نعمت عثمان کمرے میں بے سدھ پڑے تھے۔ جب انہیں جگانے کی کوشش کی گئی تو بچوں نے کوئی حرکت نہ کی، جس پر فوری طور پر انہیں عزیز بھٹی شہید ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے دونوں کی موت کی تصدیق کی۔
واقعے کا مقدمہ تھانہ اے ڈویژن میں درج کیا گیا اور پولیس نے تفتیش کا آغاز کیا۔ اس دوران مقتول بچوں کی ماں نازش عثمان گھر سے غائب ہو گئی، جس پر اس کے اغواء کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔
ڈی پی او گجرات، ڈاکٹر مستنصر عطاء باجوہ نے ڈی ایس پی سٹی سرکل کو ہدایت دی کہ مقدمے کی شفاف تفتیش کی جائے اور اصل قاتلوں کو جلد گرفتار کیا جائے۔ پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت اور جدید سائنسی بنیادوں پر تفتیش جاری رکھی اور نازش عثمان کو شاملِ تفتیش کیا گیا۔
دورانِ تفتیش ملزمہ نے ہوشربا انکشاف کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ اس کے محلہ کلاں کے رہائشی ثمر عباس ولد بشیر کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے، جس نے شادی کی شرط پر بچوں کو "راستے سے ہٹانے” کا کہا۔ اس شیطانی مشورے پر عمل کرتے ہوئے نازش نے اپنے دونوں بچوں کو گلا گھونٹ کر قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق، مرکزی ملزم ثمر عباس بیرون ملک فرار ہو چکا ہے، جس کی گرفتاری کے لیے انٹرپول کی مدد حاصل کی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مجرم کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، جبکہ گرفتار ملزمہ سے مزید تفتیش جاری ہے۔