لاہور، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کھیلوں کی ترقی اور فروغ کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
کھیل اور امن کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد معاشرے میں کھیلوں کے تعمیری اثرات کو اجاگر کرنا ہے، کھیل نہ صرف جسمانی صحت بلکہ سماجی ہم آہنگی، برداشت اور امن کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں، امن اور کھیل کا رشتہ ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے، اگر معاشرے میں امن ہو گا تو کھیل بھی فروغ پائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں مقابلے کی فضا، ٹیم ورک اور صبر و تحمل جیسے اوصاف کھیلوں کے ذریعے ہی پروان چڑھتے ہیں۔ حکومت پنجاب نے کھیلوں کے فروغ کے لیے "کھیلتا پنجاب” پروگرام کا آغاز کیا ہے تاکہ نوجوانوں کو بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں منعقد کی جانے والی "پنک گیمز” امن اور برابری کی علامت ہیں،حکومت کی جانب سے کھیلوں کے میدان اور جمنازیم تعمیر کیے جا رہے ہیں اور صوبے بھر میں 300 سے زائد اسپورٹس گراؤنڈز اور کمپلیکس قائم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ نوجوانوں، بزرگوں، معذور افراد اور دور دراز علاقوں کے لوگوں کو کھیلوں میں یکساں مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، انہوں نے یہ بھی کہا کہ کھیلوں کے لیے فنڈنگ میں اضافہ کیا جائے گا اور اسپورٹس انڈوومنٹ فنڈ کو مزید وسعت دی جائے گی۔
