واشنگٹن: وائٹ ہاؤس کے ٹیلی پرامپٹر آپریٹر گیبریل پیریز پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقاریر سے متعلق اندرونی معلومات استعمال کر کے مبینہ طور پر آن لائن شرطیں لگا کر تقریباً ایک لاکھ ڈالر کمانے کا الزام سامنے آیا ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گیبریل پیریز کو صدر کی تقاریر پہلے سے دستیاب ہوتی تھیں، جن میں شامل مخصوص الفاظ اور نکات کی بنیاد پر انہوں نے ایک مقامی پریڈکشن مارکیٹ پلیٹ فارم پر شرطیں لگائیں اور مبینہ طور پر مالی فائدہ حاصل کیا۔
رپورٹس کے مطابق پلیٹ فارم نے مشکوک سرگرمی کا سراغ لگنے پر گیبریل پیریز کا اکاؤنٹ منجمد کر دیا اور معاملہ مزید تحقیقات کے لیے متعلقہ امریکی ریگولیٹری ادارے کو رپورٹ کر دیا۔
وائٹ ہاؤس کا دعویٰ: ایران سے جنگ بندی امریکا کی بڑی کامیابی قرار
وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے بتایا کہ صدر ٹرمپ کو اس معاملے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق متعلقہ ملازم کو معطل کر کے بغیر تنخواہ رخصت پر بھیج دیا گیا ہے اور وہ اب وائٹ ہاؤس میں اپنی ذمہ داریاں انجام نہیں دے گا۔
اس معاملے پر مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ الزامات کی حتمی قانونی حیثیت کا تعین تاحال نہیں ہوا ہے۔
