منگل, 3 جون , 2025

بھارتی چیف آف ڈیفنس کا پاک فضائیہ کے ہاتھوں طیارے تباہ ہونے کا اعتراف

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ممبئی: بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے پہلی بار باضابطہ طور پر اعتراف کیا ہے کہ حالیہ جھڑپوں کے دوران بھارتی فضائیہ نے اپنے لڑاکا طیارے کھوئے ہیں، تاہم انہوں نے ان کی درست تعداد بتانے سے گریز کیا۔ سنگاپور میں جاری شنگریلا ڈائیلاگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ طیارے گرنا اہم نہیں بلکہ یہ جاننا ضروری ہے کہ غلطی کہاں ہوئی، کوتاہیاں کیا تھیں اور طیارے کیوں گرے۔

latest urdu news

جنرل چوہان کا یہ بیان بھارت کی عسکری تاریخ میں ایک اہم موڑ تصور کیا جا رہا ہے، کیونکہ یہ پہلا موقع ہے جب بھارتی فوج نے سرکاری سطح پر پاک فضائیہ کے ہاتھوں ہونے والے جانی و مالی نقصان کا اعتراف کیا ہے۔

اس سے قبل پاکستان نے سرکاری سطح پر اعلان کیا تھا کہ اس کی فضائیہ نے چھ بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے تھے جن میں تین فرانسیسی ساختہ رافیل طیارے بھی شامل تھے۔ بھارتی بی جے پی کے ایک سینئر رہنما نے ایک روز قبل ہی پانچ طیاروں کی تباہی کا اعتراف کیا تھا۔

جنرل چوہان نے اپنے خطاب میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو بھی غیر حقیقی قرار دیا کہ امریکا نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران ممکنہ ایٹمی جنگ کو روکا تھا۔ ان کے مطابق دونوں ممالک ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کے قریب نہیں پہنچے تھے، اس لیے ایسا کوئی خطرہ موجود ہی نہ تھا۔

اس موقع پر انہوں نے پاکستان کی جانب سے چینی ساختہ ہتھیاروں کے استعمال کو غیر مؤثر قرار دینے کی کوشش بھی کی، تاہم میدانِ جنگ کے نتائج نے ان کے دعوے کی تردید کر دی۔

بھارتی جنرل کا یہ بیان بین الاقوامی سطح پر ایک نئی بحث کو جنم دے چکا ہے اور پاکستان کے اس مؤقف کو تقویت ملی ہے کہ بھارت نے بلا اشتعال حملے کیے، جن کا پاکستانی فضائیہ نے منہ توڑ جواب دیا اور دشمن کے طیارے گرا دیے۔

یاد رہے کہ فروری 2019 میں بالا کوٹ واقعے کے بعد پاک فضائیہ نے فضائی کارروائی کے دوران بھارتی طیارے مار گرائے تھے، جس کے نتیجے میں بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔ بعد ازاں پاکستان نے خیرسگالی کے طور پر اسے رہا کر دیا تھا۔ اب ایک بار پھر بھارت کا یہ باضابطہ اعتراف پاکستانی مؤقف کی سچائی کی تصدیق کرتا ہے۔

دوسری جانب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک بار پھر پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی دہشت گردی کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، اور ’’آپریشن سندور‘‘ اپنی مکمل شکل تک پہنچنا باقی ہے۔ کانپور میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ بھارت نے دہشت گردی کے خلاف اپنا موقف بالکل واضح کر دیا ہے اور ہر حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter