وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ علاقائی تنازعات اور مہنگائی کے بیرونی دباؤ کے باوجود، محتاط مالیاتی پالیسیوں کی بدولت پاکستان کامیابی کے ساتھ مجموعی معاشی استحکام سے بحالی کے راستے کی جانب بڑھ رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق نیویارک میں شہباز شریف نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے پاکستانی معیشت کے لیے آئی ایم ایف کی مسلسل حمایت کو سراہا اور فنڈ کی معاونت سے جاری اصلاحاتی پروگرام پر کامیابی سے عملدرآمد کے لیے اپنی حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر حکومت کی مکمل عملداری کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان نے معیشت کو مضبوط بنانے نیز پائیدار اور جامع ترقی کی بنیادیں رکھنے کے لیے اصلاحات کے تسلسل کو برقرار رکھنے اور ساختی اقدامات کو آگے بڑھانے کے پختہ عزم کر رکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ علاقائی تنازعات اور مہنگائی کے بیرونی دباؤ کے باوجود، محتاط مالیاتی پالیسیوں کی بدولت پاکستان کامیابی کے ساتھ مجموعی معاشی استحکام سے بحالی کے راستے کی جانب بڑھ رہا ہے۔
اس موقعے پر انہوں نے مالیاتی نظم و ضبط، بیرونی مالیاتی تحفظ اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری کو اجاگر کیا۔ انہوں نے پاکستان کی کوششوں کی مثال کے طور پر نیشنل ٹیرف رجیم، ملکی محصولات کی وصولی میں اضافے اور نجکاری پر پیش رفت کا حوالہ دیا۔
برآمدات میں اضافے کو ملکی معاشی ترقی کی بنیاد بنایا جائے، وزیراعظم کی ہدایت
وزیر اعظم نے معاشی اصلاحات کو جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ معاشرے کے کمزور طبقات کے تحفظ کے حکومتی عزم پر بھی زور دیا۔
آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر نے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان کی کارکردگی اور معاشی استحکام کے لیے حکومت کی کوششوں کو سراہا، جن کے ٹھوس نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان کے آئی ایم ایف پروگرام کے آئندہ جائزے، نیز اصلاحات کو آگے بڑھانے، معاشی لچک کو مضبوط بنانے اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے پاکستان اور فنڈ کے درمیان مسلسل تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
