انڈر 19 ایشیا کپ: پاکستان نے بھارت کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے روایتی حریف بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔ حمزہ ظہور نے دباؤ میں شاندار ناقابل شکست سنچری بنا کر دفاعی چیمپئن پاکستان کو کامیابی دلائی۔

latest urdu news

مسقط: انڈر 19 ایشیا کپ کے گروپ اے کے اہم مقابلے میں پاکستان نے بھارت کی جانب سے دیا گیا 209 رنز کا ہدف 48.1 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ پاکستان کی جیت میں وکٹ کیپر بیٹر حمزہ ظہور نے مرکزی کردار ادا کیا، جنہوں نے 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

المیرات کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستانی بولرز نے ابتدا ہی سے بھارتی بیٹنگ لائن کو دباؤ میں رکھا۔ بھارت کی پوری ٹیم 46.3 اوورز میں 208 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

ارجن راجپوت کی سنچری، پاکستانی بولرز کے 9 شکار

بھارت کی جانب سے ارجن راجپوت نے مزاحمت کرتے ہوئے 85 گیندوں پر 107 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جس میں 11 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ تاہم انہیں دیگر بیٹرز کی جانب سے خاطر خواہ مدد نہ مل سکی اور بھارتی ٹیم بڑا مجموعہ بنانے میں ناکام رہی۔

پاکستان کی جانب سے علی رضا، رضوان اللہ اور نقاب شفیق نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔ علی رضا نے 37، رضوان اللہ نے 24 جبکہ نقاب شفیق نے 42 رنز دے کر بھارتی بیٹرز کو پویلین کی راہ دکھائی۔

’سرفراز دھوکہ نہیں دے گا‘، انڈر 19 ایشیا کپ جیت پر سابق کپتان کو خراجِ تحسین

پاکستان کی بیٹنگ مشکلات کا شکار، حمزہ ظہور نے میچ جتوا دیا

209 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا اور ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے باعث ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی۔ پاکستان نے 61 رنز پر 5 وکٹیں گنوا دی تھیں، جس کے بعد میچ میں بھارت کی پوزیشن مضبوط دکھائی دینے لگی۔

ایسے مشکل وقت میں حمزہ ظہور اور حسنین عباس ڈار نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کے لیے 107 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ حسنین عباس ڈار نے 67 گیندوں پر 38 رنز بنائے، جبکہ حمزہ ظہور نے محتاط اور پراعتماد انداز میں بیٹنگ جاری رکھی۔

حسنین عباس ڈار کے آؤٹ ہونے کے بعد بھی حمزہ ظہور کریز پر موجود رہے اور انہوں نے 108 گیندوں پر ناقابل شکست 100 رنز بنا کر پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔ بھارت کی جانب سے منال چوہان نے 32 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

گزشتہ سیزن کے فائنل میں بھی پاکستان نے بھارت کو ہرایا تھا

اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے انڈر 19 ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف ایک اور اہم فتح حاصل کرلی۔ واضح رہے کہ گزشتہ سیزن کے فائنل میں بھی پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

اس میچ میں حمزہ ظہور کو فیصلہ کن اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں