Securities and Exchange Commission of Pakistan نے حلال فنانسنگ پروڈکٹس کے اجرا کے لیے نئی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں، جس کا مقصد ڈیجیٹل مالیاتی نظام میں شریعہ کے مطابق سہولیات کو فروغ دینا ہے۔
ایس ای سی پی کے مطابق ڈیجیٹل فنانسنگ سروسز فراہم کرنے والی کمپنیاں اب ان گائیڈ لائنز کی روشنی میں شریعہ کمپلائنٹ مصنوعات متعارف کرا سکتی ہیں۔ ان مصنوعات میں اقساط پر خریداری، مائیکرو لونز اور ہاؤسنگ فنانس جیسے اہم شعبے شامل ہوں گے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے عوام کی مالیاتی سہولیات تک رسائی میں بہتری آئے گی، خاص طور پر چھوٹے کاروبار، کسانوں اور فری لانسرز کو فائدہ پہنچے گا، جو بغیر کریڈٹ ہسٹری کے بھی آسانی سے فنانسنگ حاصل کر سکیں گے۔
پنجاب میں مثالی گاؤں منصوبے کا دائرہ وسیع، مزید 7500 دیہات شامل کرنے کی منظوری
ایس ای سی پی کے مطابق شریعہ کمپلائنٹ فنانسنگ رسک شیئرنگ اور اثاثہ جاتی بنیادوں پر مبنی ہوتی ہے، جس سے مالیاتی نظام میں شفافیت اور توازن پیدا ہوتا ہے۔ مزید یہ کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ان سہولیات کی دستیابی سے مالیاتی شعبے میں مسابقت بڑھے گی۔
ادارے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سود سے پاک مالیاتی نظام کے فروغ کے لیے اسٹریٹیجک ایکشن پلان پر عمل جاری رکھا جائے گا، تاکہ صارفین کو بہتر خدمات، مناسب قیمت اور زیادہ شفافیت فراہم کی جا سکے۔
