پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے افغانستان پریمیئر لیگ (اے پی ایل) کے لیے بطور برطانوی شہری رجسٹریشن کروالی ہے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو ایونٹ میں شرکت کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد عامر نے افغانستان پریمیئر لیگ کے پلیئرز ڈرافٹ کے لیے اپنا نام رجسٹر کروایا ہے۔ وہ برطانوی پاسپورٹ حاصل کرنے کے بعد برطانوی شہری کا درجہ رکھتے ہیں۔
محمد عامر کو پی سی بی کے این او سی کی ضرورت کیوں نہیں؟
ذرائع کے مطابق محمد عامر برطانوی شہری ہونے کی وجہ سے افغانستان پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ سے این او سی لینے کے پابند نہیں ہیں۔
دوسری جانب پاکستانی کھلاڑیوں کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے انہیں اے پی ایل میں شرکت کے لیے این او سی نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
سابق فاسٹ بولر محمد عامر کو برطانوی شہریت مل گئی
اے پی ایل ڈرافٹ کب ہوگا؟
میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان پریمیئر لیگ کے لیے پاکستان کے متعدد کھلاڑیوں نے بھی رجسٹریشن کروائی ہے، تاہم ان کی ایونٹ میں شرکت کا معاملہ این او سی سے مشروط ہے۔
رپورٹس کے مطابق اے پی ایل کا پلیئرز ڈرافٹ کل منعقد ہوگا، جس میں رجسٹرڈ کھلاڑیوں میں سے مختلف ٹیمیں اپنے لیے کرکٹرز کا انتخاب کریں گی۔
