ویسٹ انڈیز سیریز میں بابر اعظم کی دھواں دار بیٹنگ، عمران خان کے تاریخی اعزاز کی برابری

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سابق کپتان عمران خان کا ایک اہم ریکارڈ برابر کر دیا۔ پاکستان نے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی۔

latest urdu news

بابر اعظم نے پوری سیریز میں چار اننگز کھیلتے ہوئے 193 رنز اسکور کیے اور 96.50 کی متاثر کن اوسط کے ساتھ دونوں ٹیموں میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر رہے۔ پہلے ٹیسٹ میں انہوں نے 23 اور پھر نصف سنچری اسکور کی، جبکہ دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 88 رنز کی اہم اننگز کھیل کر پاکستان کو فیصلہ کن برتری دلانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔

دوسرے ٹیسٹ کی آخری اننگز میں بابر اعظم نے 30 گیندوں پر ناقابلِ شکست 24 رنز بنائے، جن میں دو چھکے اور دو چوکے شامل تھے، اور پاکستان نے 75 رنز کا ہدف صرف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

سیریز میں مسلسل عمدہ کارکردگی پر بابر اعظم کو ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر جسٹن گریوز کے ساتھ مشترکہ طور پر پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ جسٹن گریوز نے بیٹنگ میں 111 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ سات وکٹیں بھی حاصل کیں۔

بابر اعظم کا عزم، ماضی سے سبق سیکھ کر نئی حکمت عملی کے ساتھ کپتانی کروں گا

یہ بابر اعظم کے ٹیسٹ کیریئر کا پہلا پلیئر آف دی سیریز ایوارڈ جبکہ بین الاقوامی کرکٹ میں مجموعی طور پر دسواں اعزاز ہے۔ اس سے قبل وہ پانچ مرتبہ ٹی ٹوئنٹی اور چار مرتبہ ایک روزہ کرکٹ میں بھی یہ اعزاز اپنے نام کر چکے ہیں۔

اس کامیابی کے بعد بابر اعظم نے پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ 10 پلیئر آف دی سیریز ایوارڈز جیتنے کے معاملے میں عمران خان اور وسیم اکرم کی برابری کر لی، جبکہ سابق فاسٹ بولر وقار یونس نو ایوارڈز کے ساتھ اس فہرست میں چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

شیئر کریں:

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter