قومی اسمبلی کے آج کے اجلاس کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ، اجلاس میں مہمانوں کے داخلے پر بھی سخت پابندی عائد کی گئی ہے۔
ترجمان قومی اسمبلی نے کہا کہ صرف میڈیا کے ان نمائندگان کو پارلیمنٹ ہاؤس میں داخلے کی اجازت ہوگی جن کو ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے فل سیشن پریس گیلری کارڈ جاری کیے ہونگے۔
ون ڈے پریس گیلری کارڈ جاری نہیں کیے جائیں گے،پارلیمنٹ کے گیٹ نمبر 1 پر کوریج کرنیوالے کیمرہ مینوں کی انٹری مرتب کردہ لسٹ کے ذریعے ہو گی، تمام صحافیوں کو اپنا پریس گیلری کارڈ اپنےساتھ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب سربراہ بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) سردار اختر مینگل نے ایک بار پھر آئینی ترامیم کا حصہ بننے سے انکار کر دیا ہے۔
اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اختر مینگل نے کہا کہ آئین کوئی خفیہ دستاویز نہیں ہے، ہر شہری کا بنیادی حق ہے کہ اسے ترامیم کے بارے میں معلومات ہوں،انہوں نے خفیہ طریقے سے لائی جانے والی ترامیم پر سخت تحفظات کا اظہار کیا۔
