لندن: برطانیہ میں غیر معمولی گرمی کی لہر نے نئے موسمیاتی ریکارڈ قائم کر دیے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جون 2026 گزشتہ 142 سال کی تاریخ میں دوسرا گرم ترین جون ثابت ہوا، جبکہ انگلینڈ میں یہ اب تک کا سب سے زیادہ گرم جون ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ اور ویلز میں جون کا اوسط درجہ حرارت 1884 کے بعد دوسری بلند ترین سطح پر رہا۔ سرے کے علاقے چارلووڈ میں درجہ حرارت 35.7 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جو جون کے مہینے میں ریکارڈ ہونے والے بلند ترین درجہ حرارت میں شمار ہوتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جون کے آخری ہفتے کے دوران آنے والی شدید ہیٹ ویو میں کئی علاقوں میں پارہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی اوپر چلا گیا۔ رات کے اوقات میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہی اور متعدد مقامات پر "ٹراپیکل نائٹس” ریکارڈ کی گئیں، جہاں درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم نہیں ہوا۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث شدید گرمی کے واقعات کی تعداد اور شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق بڑھتے ہوئے درجہ حرارت سے صحت عامہ، ٹرانسپورٹ، توانائی کے نظام اور پانی کی فراہمی سمیت مختلف شعبوں پر اضافی دباؤ پڑ رہا ہے۔
برطانیہ کا غیر قانونی امیگریشن پر بڑا کریک ڈاؤن، 45 ہزار افراد کو بے دخل کرنے کا منصوبہ
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو مستقبل میں اس نوعیت کی شدید گرمی کی لہریں مزید عام ہو سکتی ہیں۔
