سوات:خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں سیف اللہ جھیل پر پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں سیاحوں سے بھری کشتی الٹنے کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق کشتی میں 5 سے 8 افراد سوار تھے۔ حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور سرچ اینڈ ریسکیو کارروائیاں شروع کر دیں۔
ترجمان ریسکیو نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں مرد اور خواتین دونوں شامل ہیں، جبکہ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے غوطہ خوروں اور دیگر امدادی اہلکاروں کی مدد سے آپریشن جاری رکھا گیا ہے۔
اپر سوات میں افسوسناک حادثہ: اسکول بس کھائی میں جاگری، ایک طالبہ جاں بحق
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ ریسکیو ٹیمیں جھیل میں لاپتہ افراد کی تلاش اور امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
