بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف ملک بھر میں درج مقدمات کی تعداد186تک پہنچ گئی۔
اسلام آباد، سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف ملک بھر میں درج مقدمات کی تعداد186تک پہنچ گئی، اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کروائی گئی رپورٹ کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزارت داخلہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں عمران خان کیخلاف 99مقدمات درج ہیں،اسلام آبادپولیس کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں عمران خان کیخلاف 74مقدمات درج ہیں۔
ایف آئی اے رپورٹ میں یہ بتایا گیا ہے کہ ایف آئی اے میں عمران خان کیخلاف7مقدمات اورانکوائریز زیرالتوا ہیں جبکہ نیب میں سابق وزیراعظم کیخلاف 3مقدمات زیرالتوا ہیں۔
توشہ خانہ فوجداری کیس میں سزا کیخلاف عمران خان کی اپیل زیرالتوا ہے،عمران خان پر اکتوبر، نومبر اور دسمبر احتجاج کے تناظر میں بھی مقدمات درج ہوئے ہیں۔
دوسری جانب ا نسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی کی جانب سے دونوں کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کر لی گئی ہے، ضمانت منظور ہونے کے بعد انہیں رہائی مل گئی۔
پی ٹی آئی کے رہنماؤں عمرایوب ، راجہ بشارت اور احمد چٹھہ کو راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا گیا، اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے مقدمات پر سماعت کی۔
