اسلام آباد، وزیر دفا ع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اڈیالہ جیل سے آرمی چیف کو خط پر خط لکھ کر ترلے کررہے ہیں۔
ایک انٹرویو کے دوران وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر ان دنوں دورہ برطانیہ پر ہیں، آرمی چیف کے خلاف منفی مہم چلائی جارہی ہے، یہ اپنے دور میں کہا کرتے تھے آرمی چیف قوم کا باپ ہوتا ہے، سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کے لوگ آرمی چیف کے خلاف غلط زبان استعمال کررہے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ یہ فیض حمید کو آرمی چیف بنانا چاہتے تھے، یہ فوج کو پی ٹی آئی کا ذیلی ادارہ بنانا چاہتے تھے، اس وقت تحریک انصاف اپنے زخم چاٹ رہی ہے، انہوں نے 9مئی اور26نومبر برپا کیا،پی ٹی آئی نے شہدا ءکی یادگاروں پر حملے کیے، ایسا وطیرہ کسی سیاسی پارٹی کا نہیں جو پی ٹی آئی نے اپنایا ہوا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ یہ اب آرمی چیف کو بار بار خط لکھ رہے ہیں پاؤں پکڑ رہے ہیں، دوسری طرف یہ سوشل میڈیا پر غلط زبان استعمال کررہے ہیں، پی ٹی آئی والے دوسرے ممالک میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف بدترین قسم کا پراپیگنڈا کررہے ہیں۔
وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ پاکستانی معیشت سنبھل رہی ہے، سیاسی حالات بھی بہتر ہو رہے ہیں، معاشی حالات سنبھل رہے ہیں اس کا پی ٹی آئی کو دکھ ہورہا ہے، پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو بھی خط لکھے تھے، ان کی سیاست ایک ذات کے گرد گھوم رہی ہے،پی ٹی آئی نے عدلیہ کو اپنی جیب میں ڈالا ہوا تھا، عدلیہ آزاد ہوئی ہے تو ان کو اس کی بھی تکلیف ہے۔
