وفاقی حکومت کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ہر سیاسی جماعت کی اولین خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے بل بوتے پر حکومت تشکیل دے، تاہم سیاسی حالات بعض اوقات ایسی صورت اختیار کر لیتے ہیں کہ اتحادی حکومت بنانا ناگزیر ہو جاتا ہے۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے خواجہ آصف کے بیان پر تنقید کی گئی، تاہم خواجہ آصف کی رائے کو ان کا ذاتی مؤقف بھی قرار دیا جا سکتا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ پنجاب اور اسلام آباد میں بعض تکنیکی اور انتظامی مسائل کے باعث بلدیاتی انتخابات بروقت نہیں کرائے جا سکے۔
اسی پروگرام میں پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ سیاسی اختلافات کو اس حد تک نہیں بڑھایا جائے گا کہ جمہوری نظام متاثر ہو۔ انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر کے انتخابات ملتوی کرنے کی تجویز دی تھی، مگر حکومت نے اسے قبول نہیں کیا۔
خواجہ آصف کے بیان پر رانا ثناء اللہ کی وضاحت، اپنائیت کا اظہار قرار دے دیا
قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ اتحادی حکومتیں عموماً سیاسی ضرورت ہوتی ہیں، کسی بھی جماعت کی پہلی ترجیح نہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آزاد کشمیر میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے ایک مطالبے کے علاوہ باقی تمام مطالبات تسلیم کر لیے گئے ہیں۔
