نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کے وفد کا آر پی او آفس گوجرانوالہ کا دورہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

گوجرانوالہ: نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اسلام آباد کے 47ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے وفد نے ریجنل پولیس آفس گوجرانوالہ کا دورہ کیا، جہاں ریجنل پولیس آفیسر خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے شرکاء کو گوجرانوالہ ریجن میں پولیس کی ورکنگ، امن و امان کی صورتحال، جرائم کی روک تھام اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی پولیس سروسز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

latest urdu news

پولیس کی ورکنگ اور امن و امان پر بریفنگ

ریجنل پولیس آفس پہنچنے پر پولیس افسران نے وفد کا استقبال کیا۔ بعد ازاں آر پی او خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے وفد کے شرکاء کو گوجرانوالہ ریجن کے اضلاع گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد اور نارووال میں پولیس کی کارکردگی اور مختلف شعبہ جات میں جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔

بریفنگ کے دوران امن و امان برقرار رکھنے، جرائم کے سدباب، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور سروس ڈلیوری کو بہتر بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی، جس میں وفد کے شرکاء نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

آر پی او نے بتایا کہ گوجرانوالہ ریجن پولیس امن و امان کے قیام اور جرائم پر قابو پانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بہتر پولیس سروسز کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، جبکہ جرائم کے مؤثر تدارک کے لیے مربوط نظام بھی وضع کیا گیا ہے۔

جدید ٹیکنالوجی اور کمیونٹی پولیسنگ کا استعمال

خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے بتایا کہ مربوط حکمت عملی کے تحت چوری، ڈکیتی اور رابری میں ملوث متعدد گینگز کے خلاف کارروائیاں کرکے انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔

وفد میں شامل افسران کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے آر پی او نے کہا کہ سمارٹ اور کمیونٹی پولیسنگ کے اصولوں کے مطابق گوجرانوالہ ریجن پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی حکمرانی یقینی بنانے کے لیے شب و روز مصروف عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور آئی ٹی بیسڈ سسٹمز کے استعمال سے پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ جرائم کی روک تھام، ریکارڈ مینجمنٹ اور شہریوں کو بروقت پولیس خدمات کی فراہمی میں بھی مدد مل رہی ہے۔

گوجرانوالہ ریجن میں خواتین اور بچوں کے تحفظ کی آگاہی مہم جاری

پولیس خدمت مراکز اور ویمن انکلیو پر بریفنگ

وفد کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے شروع کیے گئے مختلف منصوبوں کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ان میں پولیس خدمت مراکز، ویمن انکلیو گوجرانوالہ، کریمنل ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم اور سیف سٹی اتھارٹی سے متعلق اقدامات شامل تھے۔

آر پی او نے ویمن انکلیو گوجرانوالہ کے حوالے سے بتایا کہ خواتین مختلف مسائل کے حل اور متعلقہ سہولیات کے حصول کے لیے وہاں رجوع کرسکتی ہیں۔ انہیں جائیداد میں خواتین کے حق، دورانِ کام ہراسگی و تشدد سمیت دیگر معاملات میں رہنمائی اور سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ خواتین ڈرائیونگ لائسنس کے حصول اور ڈرائیونگ کلاسز میں داخلے کے لیے بھی ویمن انکلیو کی سہولیات سے استفادہ کرسکتی ہیں۔

خواتین کے تحفظ کے لیے پنک ویلز پولیس اسکواڈ

خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے وفد کو بتایا کہ گوجرانوالہ پولیس میں لیڈی پولیس افسران پر مشتمل پنک ویلز پولیس اسکواڈ بھی قائم کیا گیا ہے، جس کا مقصد خواتین کو فوری تحفظ اور پولیس معاونت فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو مؤثر اور بروقت پولیس خدمات کی فراہمی کے لیے ٹیکنالوجی، جدید نظام اور عوام دوست پولیسنگ کے اقدامات کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔

دورے کے اختتام پر ریجنل پولیس آفیسر خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اسلام آباد کے 47ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے وفد کے شرکاء کو گوجرانوالہ ریجن پولیس کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter