لاہور: پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یہ پیغام دیا ہے کہ خطے کی ترقی اور خوشحالی ن لیگ کی پالیسیوں سے وابستہ ہے۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 24 جولائی کو میرپور میں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی آمد کے موقع پر عوامی جوش و خروش نے واضح کر دیا تھا کہ عوام کا رجحان مسلم لیگ (ن) کی جانب ہے۔ ان کے مطابق 21 جولائی کو مظفرآباد کے عوام بھی اسی اعتماد کا اظہار کر چکے تھے۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے شیر کے انتخابی نشان پر مہر لگا کر مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور ترقیاتی ایجنڈے کی حمایت کی ہے، جبکہ 2 اگست کو یہ فیصلہ مزید مضبوط انداز میں سامنے آئے گا۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام ترقی، بہتر طرزِ حکمرانی اور عوامی خدمت کے تسلسل کے خواہاں ہیں، اور مسلم لیگ (ن) ان کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے پُرعزم ہے۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، تاہم ابتدائی نتائج میں مسلم لیگ (ن) نمایاں برتری حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
