اسلام آباد: تھانہ بنی گالا پولیس نے ایک خاتون کے مبینہ قتل کے مقدمے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے مقتولہ کے والد، سابق شوہر اور سسر کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے قتل کو بجلی کا کرنٹ لگنے سے ہونے والی ہلاکت کا رنگ دینے کی کوشش کی تھی۔
ڈی آئی جی اسلام آباد Muhammad Jawad Tariq کے مطابق 20 مئی کو پیش آنے والے واقعے میں خاتون بشریٰ کو قتل کرنے کے بعد ملزمان نے واقعے کو حادثہ ظاہر کیا اور فوری طور پر تدفین بھی کر دی تاکہ جرم کو چھپایا جا سکے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران سیف سٹی کیمروں کی ریکارڈنگ، خفیہ معلومات اور جدید تکنیکی ذرائع کی مدد سے کیس کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا، جس کے بعد قتل کی حقیقت سامنے آئی اور ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار افراد میں ظاہر شاہ (والد)، اسد خان (سابق شوہر) اور پیر محمد (سسر) شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق تینوں ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور مقدمے کی مضبوط پیروی کے لیے تمام قانونی تقاضے مکمل کیے جائیں گے تاکہ انہیں عدالت سے قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔
