لندن ہائی کمیشن اور جیریز سروسز سے متعلق غلط فہمیوں کی تردید

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد: اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا نے برطانیہ میں پاکستان ہائی کمیشن لندن اور جیریز کے درمیان قونصلر و ویزا سروسز کے حوالے سے پھیلنے والی افواہوں اور غلط فہمیوں کی تردید کی ہے۔

latest urdu news

انہوں نے اس حوالے سے ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو ایک وضاحتی خط بھی ارسال کیا ہے۔

غلط فہمیوں کی وضاحت

قمر رضا کے مطابق بعض حلقوں کی جانب سے یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ ہائی کمیشن یا قونصل خانے اپنی قونصلر اور ویزا خدمات بند کر دیں گے، تاہم یہ خدشات درست نہیں ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ مجوزہ منصوبے کے تحت جیریز، پاکستان ہائی کمیشن اور نادرا کے تعاون سے اضافی سہولیات فراہم کرے گا، جبکہ بنیادی خدمات بدستور جاری رہیں گی۔

مجوزہ سروس ماڈل

ان کے مطابق ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے اپنے حالیہ دورہ برطانیہ کے دوران کمیونٹی سے مشاورت کے بعد اس منصوبے پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

اس منصوبے کا مقصد یہ ہے کہ جیریز کے ذریعے پاسپورٹ، ویزا اور نائیکوپ سے متعلق درخواستوں کی ڈیٹا انٹری، پروسیسنگ اور ابتدائی تصدیق کا عمل آسان بنایا جائے۔

ہائی کمیشن کی وضاحت

برطانیہ میں پاکستان ہائی کمیشن کے مطابق یہ فیصلہ وزارت خارجہ کی منظوری اور مکمل شفاف طریقہ کار کے بعد کیا گیا ہے۔

ہائی کمیشن نے کہا کہ جیریز کی سروسز سے خاص طور پر دور دراز علاقوں میں رہنے والے پاکستانیوں کو فائدہ ہوگا، کیونکہ انہیں طویل سفر اور اضافی اخراجات سے بچت ملے گی۔

خدمات میں کوئی تعطل نہیں ہوگا

ہائی کمیشن کے مطابق پاکستان ہائی کمیشن اور اس کے قونصل خانے معمول کے مطابق قونصلر خدمات جاری رکھیں گے اور ان میں کسی قسم کا تعطل نہیں آئے گا۔

یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ جیریز کے مراکز صرف ابتدائی پروسیسنگ اور ڈیٹا ہینڈلنگ کے لیے ہوں گے، جبکہ حتمی فیصلے پاکستان کے مجاز ادارے ہی کریں گے۔

مخصوص خدمات ہائی کمیشن کے پاس رہیں گی

اعلامیے کے مطابق پاور آف اٹارنی، زمین سے متعلق معاملات اور دیگر اہم قونصلر خدمات بدستور پاکستان ہائی کمیشن اور چاروں قونصل خانوں کی ذمہ داری رہیں گی۔

حکام کے مطابق اس نئے نظام کا مقصد سہولتوں میں اضافہ اور سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانا ہے، جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں ہوگا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter