خیبرپختونخوا اسمبلی کے ارکان کو تاحیات بلیو پاسپورٹ دینے کی مجوزہ شق ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اب اتفاقِ رائے یہ ہے کہ بلیو پاسپورٹ صرف رکنیت کی مدت تک ہی جاری کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے استحقاق کے اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی نے کی۔ اجلاس میں ارکانِ اسمبلی کی مراعات سے متعلق مجوزہ بل کی مختلف شقوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ارکان کے لیے خصوصی نادرا کارڈ اور ان کے اہلِ خانہ کو یہ سہولت دینے کی تجویز بھی زیر غور آئی، تاہم اس تجویز کو ختم کرنے پر غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ میڈیا سے متعلق قوانین میں نرمی لانے کے لیے بھی ترامیم کی سفارش کی گئی۔
کمیٹی نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی موجودہ مراعات اور سرکاری اخراجات برقرار رکھنے پر اتفاق کیا، جبکہ بعض ارکان نے تاحیات بلیو پاسپورٹ کی شق ختم کیے جانے پر تحفظات کا اظہار بھی کیا۔
خیبرپختونخوا کے ایم پی ایز کو شاہانہ مراعات دی جا رہی ہیں، عظمیٰ بخاری
ذرائع کا کہنا ہے کہ مراعات سے متعلق ترمیمی مسودے کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔ کابینہ کی منظوری کے بعد اسے دوبارہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے بھی اس بل پر نظرِثانی کی ہدایت کی تھی، جس کے بعد مجوزہ ترامیم تیار کی جا رہی ہیں۔
