وزیر بلدیات کے گوجرانوالہ میں اچانک دورے، ناقص کارکردگی پر 2 افسران برطرف

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ذیشان رفیق نے کامونکی، تحصیل سٹی اور صدر گوجرانوالہ میں سُتھرا پنجاب کی صفائی بیٹس کا معائنہ کیا، متعدد افسران اور کنٹریکٹرز کو وارننگ جاری کردی۔

latest urdu news

وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے سخت گرمی کے دوران گوجرانوالہ کی مختلف تحصیلوں کا اچانک دورہ کیا اور سُتھرا پنجاب کے تحت جاری صفائی آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے کامونکی، تحصیل سٹی گوجرانوالہ اور صدر گوجرانوالہ میں مختلف صفائی بیٹس کا معائنہ کرتے ہوئے فیلڈ میں صفائی کے انتظامات، ورکرز کی حاضری اور نگرانی کے نظام کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کے فوکل پرسن برائے سُتھرا پنجاب عاصم محمود اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد بھی وزیر بلدیات کے ہمراہ تھے۔

ناقص کارکردگی پر افسران کے خلاف کارروائی

دورے کے دوران ناقص کارکردگی سامنے آنے پر صوبائی وزیر نے تحصیل مینجر سُتھرا پنجاب کامونکی اور ایک فیلڈ مانیٹرنگ آفیسر (FMO) کو برطرف کرنے کا حکم دیا۔

ذیشان رفیق نے سُتھرا پنجاب ایجنسی گوجرانوالہ کے ایم ڈی، ڈسٹرکٹ مینجرز اور تحصیل مینجرز کو بھی کارکردگی بہتر بنانے کے حوالے سے وارننگ جاری کی۔ انہوں نے کامونکی، تحصیل سٹی اور صدر گوجرانوالہ کے کنٹریکٹرز کو بھی واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ صفائی کے لیے مقرر کردہ بیٹ پلان پر 100 فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

وزیر بلدیات نے خبردار کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صفائی کے اہداف کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر بلدیات بلال یاسین کا گجرات کا اچانک دورہ

صفائی ورکرز کو سراہتے ہوئے غفلت سے خبردار

ذیشان رفیق نے کہا کہ صفائی کا کام انجام دینے والے ورکرز ہمارے ہیروز ہیں، تاہم کسی بھی سطح پر سستی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے سُتھرا پنجاب کے فیلڈ مانیٹرنگ افسران کی سپاٹ چیکنگ بھی کی اور انہیں ہدایت کی کہ صفائی ورکرز کی مؤثر نگرانی اور ان کی حاضری ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

صوبائی وزیر نے دورے کے دوران شہریوں اور دکانداروں سے بھی صفائی کے انتظامات کے حوالے سے براہِ راست فیڈبیک حاصل کیا تاکہ فیلڈ میں جاری صفائی آپریشن کی صورتحال کا حقیقی جائزہ لیا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر آفس میں صفائی آپریشن پر بریفنگ

بعد ازاں وزیر بلدیات نے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہیں ضلع میں جاری صفائی آپریشنز کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

انہوں نے تمام متعلقہ ضلع ایجنسیز کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے بیٹ پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور صفائی کے مقررہ اہداف میں کسی قسم کی کوتاہی نہ کی جائے۔

سموگ سیزن کے پیش نظر اہم ہدایات

ذیشان رفیق نے سموگ سیزن کی آمد کے پیش نظر سڑکوں کی صفائی کے دوران گرد اڑانے سے گریز کرنے کی بھی سختی سے ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی صفائی کے لیے صرف مکینیکل سویپنگ کا طریقہ استعمال کیا جائے تاکہ فضا میں دھول اور گرد کے اضافے سے بچا جا سکے۔

وزیر بلدیات نے محکمہ ماحولیات کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر من و عن عملدرآمد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سموگ کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو باہمی تعاون کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ صفائی کے معیار، فیلڈ مانیٹرنگ اور ماحولیاتی ضوابط پر عملدرآمد میں کسی قسم کی غفلت قابل قبول نہیں ہوگی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter