اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سرکاری اخراجات میں کمی کے لیے سابقہ کفایت شعاری (آسٹیریٹی) اقدامات کو مالی سال 2026-27 کے لیے دوبارہ نافذ کر دیا۔ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سرکاری اداروں میں نئی گاڑیوں کی خریداری، نئے عہدوں کی تخلیق اور نئی بھرتیوں پر پابندی عائد ہوگی۔ اسی طرح طبی آلات کے علاوہ مشینری، آلات اور دیگر غیر ضروری سامان کی خریداری بھی محدود رہے گی۔
حکومت نے غیر ضروری سرکاری دوروں، کانفرنسوں اور تربیتی پروگراموں پر بھی پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ دفتری اخراجات، مہمان نوازی، تقریبات، پرنٹنگ، اشتہارات اور دیگر غیر ضروری مدات میں نمایاں کمی لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کے استعمال میں کمی، وی وی آئی پی پروٹوکول اور قافلوں کو محدود کرنے، نئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری پر سختی، جبکہ کرایہ، مرمت اور دیگر غیر ضروری اخراجات پر بھی کنٹرول رکھا جائے گا۔
سپریم کورٹ میں کفایت شعاری پالیسی ختم، معمولات بحال کرنے کا فیصلہ
یہ ہدایات تمام وفاقی وزارتوں، ڈویژنز، سرکاری اداروں، اسٹیٹ اونڈ انٹرپرائزز، خودمختار اداروں اور ریگولیٹری اتھارٹیز پر یکساں طور پر لاگو ہوں گی۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر آسٹیریٹی کمیٹی کیس بہ کیس بنیاد پر استثنا دینے کا اختیار رکھے گی، جبکہ تمام وزارتوں کو فوری طور پر یہ ہدایات اپنے ماتحت اداروں تک پہنچانے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔
