لاہور: اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کے مقدمے میں مسلم لیگ (ن) کے رکنِ اسمبلی ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا کی عبوری ضمانت میں 3 ستمبر تک توسیع کر دی گئی۔
لاہور کی سیشن عدالت میں کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج نصرت صدیقی نے کی۔ سماعت کے دوران مومنہ اقبال کی جانب سے وکیل عدنان احسان جبکہ ثاقب چدھڑ کی جانب سے رانا معروف ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ثاقب چدھڑ سے متعلق تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں اور تفتیشی رپورٹ میں انہیں قصوروار قرار دیا گیا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ ان کی اہلیہ سمیرا نے حال ہی میں اپنا موبائل فون نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے حوالے کیا، جسے فرانزک تجزیے کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
سماعت کے دوران مومنہ اقبال کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان کی ضمانت منسوخ کی جائے کیونکہ ان کی رہائی درخواست گزار کے لیے خدشات پیدا کر سکتی ہے۔
ناصر مدنی نے مومنہ اقبال سے عوامی معذرت کر لی، سابق بیان واپس لینے کا اعلان
عدالت نے دونوں فریقین کے وکلا کو آئندہ سماعت پر حتمی دلائل پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ کی عبوری ضمانت میں 3 ستمبر تک توسیع کر دی۔
واضح رہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے اداکارہ مومنہ اقبال کی درخواست پر مبینہ ہراسانی اور دھمکیوں کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے، جس کی تحقیقات جاری ہیں۔
