اسلام آباد: سابق سینیٹر مشتاق احمد کی اہلیہ حمیرا طیبہ نے فیملی کورٹ سے خلع حاصل کرلی، جس کے بعد عدالت نے دونوں کے درمیان نکاح ختم کرنے کی ڈگری جاری کردی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کی فیملی کورٹ کی جج امبرین اقبال نے حمیرا طیبہ کی درخواست پر سماعت کے بعد خلع کی ڈگری جاری کی۔ عدالت نے حکم دیا کہ حمیرا طیبہ اور سابق سینیٹر مشتاق احمد کے درمیان نکاح خلع کی بنیاد پر ختم کیا جائے۔
مصالحت کی کوششیں ناکام ہونے پر خلع کی ڈگری جاری
عدالتی فیصلے کے مطابق خاتون اپنے شوہر کے ساتھ مزید ازدواجی زندگی گزارنے پر آمادہ نہیں تھیں۔ عدالت کی جانب سے فریقین کے درمیان مصالحت کی کوششیں بھی کی گئیں، تاہم یہ کوششیں کامیاب نہ ہوسکیں۔
حمیرا طیبہ نے اپنے بیان حلفی میں شوہر سے نفرت اور ان کے ساتھ مزید رہنے سے انکار کا اظہار کیا تھا۔ عدالت نے ان کے مؤقف اور مصالحت کی ناکامی کے بعد خلع کی ڈگری جاری کردی۔
حق مہر اور بچوں کے اخراجات سے متعلق فیصلہ
عدالت کے مطابق حق مہر کے معاملے پر دونوں فریقین کا ایک دوسرے کے خلاف کوئی دعویٰ باقی نہیں رہا۔
فیصلے میں بتایا گیا کہ بچوں کے نان نفقہ، غیر شادی شدہ بیٹیوں کے اخراجات اور دیگر استدعاؤں سے متعلق باقی دعویٰ درخواست واپس لیے جانے پر خارج کردیا گیا۔
سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے نئی سیاسی جماعت ’پاکستان رائٹس موومنٹ‘ کا اعلان کر دیا
ڈگری کی نقل شوہر اور یونین کونسل کو بھجوانے کا حکم
فیملی کورٹ نے خلع کی ڈگری کی مصدقہ نقل سابق سینیٹر مشتاق احمد اور متعلقہ یونین کونسل کو بھجوانے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔
عدالت کے اس فیصلے کے بعد حمیرا طیبہ اور مشتاق احمد کے درمیان ازدواجی تعلق خلع کی بنیاد پر ختم ہوگیا ہے۔
