پشاور،مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا ہے کہ صوابی جلسہ جعلی حکومت کے خلاف عوامی ریفرنڈم ثابت ہوا۔
اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ عوام کے سمندر نے جلسے میں شرکت کر کے جعلی حکومت کے مینڈیٹ چوری پر مہر تصدیق ثبت کر دی، ملک بھر کے عوام نے واضح کر دیا کہ یہ ملک بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ 8 فروری کو عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا، پنجاب میں گزشتہ ایک ہفتے سے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ جاری تھی، پی ٹی آئی قیادت اور کارکنوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہوئیں۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ عوام حقیقی آزادی کیلئے عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، عوام کی طاقت سے جعلی حکومت کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے بھی بانی پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان کی انتشار اور جلاؤ گھیراؤ کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں عظمیٰ بخاری کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ حکومتی وسائل کے استعمال اور سرکاری ملازمین کی جلسہ گاہ حاضریاں لگا کر بھی 5 ہزار بندے اکٹھے نہیں کر سکے، جنید اکبر اپنے پہلے امتحان میں ہی بری طرح فیل ہوگئے ہیں جبکہ علی امین گنڈاپور نے حسب روایت لچرپن سے بانی پی ٹی آئی کو خوش کرنے کی ناکام کوشش کی۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ پنجاب کے کسی ضلع سے لوگ نہیں نکلے اور جو نکلے وہ بھی صرف دکھاوے کیلئے گرفتاریاں دینے آئے تاکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے سامنے نمبر بنا سکیں۔
