بجلی مزید سستی کرنے کا عندیہ، دوپہر میں نرخ سولر سے بھی کم ہونے کا امکان: اویس لغاری

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ حکومت بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور مستقبل میں دوپہر کے اوقات میں بجلی ایسے نرخوں پر دستیاب ہو سکتی ہے جو سولر توانائی سے بھی کم ہوں گے۔

latest urdu news

ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ مجموعی طور پر بجلی کے بلوں میں کمی آئی ہے، تاہم یہ حقیقت ہے کہ بعض فکسڈ چارجز میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کے مطابق اگر حکومتی سبسڈی کا سلسلہ برقرار رہا تو بجلی کی فی یونٹ قیمت میں مزید 5 سے 6 روپے تک کمی کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت 18 ہزار نہیں بلکہ تقریباً 9 ہزار میگاواٹ اضافی بجلی کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 26 ہزار میگاواٹ کی جو تعداد بیان کی جا رہی ہے، اس میں نیٹ میٹرنگ سے پیدا ہونے والی بجلی بھی شامل ہے، جس پر حکومت کسی قسم کی کیپسٹی پیمنٹ ادا نہیں کرتی۔

اویس لغاری نے بتایا کہ جولائی 2025 سے اب تک ملک میں بجلی کے استعمال میں 7 سے 9 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کی تفصیلات نیپرا کے اعداد و شمار میں موجود ہیں۔ ان کے مطابق پاور سیکٹر میں کئی منصوبوں کا ازسرنو جائزہ لیا گیا اور غیر ضروری منصوبوں کو روک کر قومی وسائل کی بچت کی گئی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ زیرِ غور 9 ہزار میگاواٹ کے منصوبوں میں داسو اور بھاشا ڈیم سمیت 1200 میگاواٹ صلاحیت کا ایک نیوکلیئر پاور پلانٹ بھی شامل ہے، جو مستقبل میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

بجلی سبسڈی برقرار رہے گی، 200 یونٹ صارفین کی رجسٹریشن صرف شفافیت کیلئے ہے: اویس لغاری

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزارتِ توانائی کے اخراجات میں نمایاں کمی لائی گئی ہے اور بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے نقصانات کو کم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق ڈسکوز کے نقصانات 586 ارب روپے سے کم ہو کر رواں سال تقریباً 300 ارب روپے تک لائے جا رہے ہیں۔

اویس لغاری کا کہنا تھا کہ حکومتی اصلاحات کے نتیجے میں ٹیکس دہندگان کے تقریباً 600 ارب روپے بچائے گئے ہیں اور بجلی کے شعبے میں فضول اخراجات کو نمایاں حد تک کم کیا گیا ہے، جس کا فائدہ مستقبل میں صارفین کو کم نرخوں کی صورت میں مل سکتا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter