نارووال،وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ دھرنےپاکستان کی معیشت کےلیےزہرہیں۔
نارووال میں میڈیا سے گفتگو کے دوران وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ 24نومبرکووفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں دھرنےکی کال دی گئی، جس دن کال دی سٹاک مارکیٹ 4 ہزارپوائنٹس گر گئی، جس دن وہ جوتیاں چھوڑ کر بھاگے سٹاک مارکیٹ اوپر گئی۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جب دھرنا ناکام ہوا تب معیشت اوپرکی طرف گئی، دھرنےپاکستان کی معیشت کے لیے زہر ہیں، ملک کو امن و استحکام کی ضرورت ہے، ہمیں پالیسیوں میں تسلسل کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ گزشتہ77سالوں میں پاکستان میں سیاسی استحکام نہیں رہا، حکومتوں کو چلنے نہیں دیا گیا، جب پاکستان ترقی کرنے لگتا ہے تو ٹانگیں کھینچی جاتی ہیں، 2018میں ایک اناڑی، ضدی شخص کومسلط کیا گیا۔
احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ جب ہم نےاقتدار سنبھالا توملک تقریبا دیوالیہ ہوچکا تھا، حکومتی اقدامات کی وجہ سےآج مہنگائی کم ہو رہی ہے، مہنگائی38فیصد کی رفتار سے بڑھ رہی تھی، آج مہنگائی کی شرح ساڑھے 6 فیصد پرآگئی ہے۔
