کراچی، کورنگی سے فتنہ الخوارج کے تین دہشت گردوں کی گرفتاری کے کیس میں سی ٹی ڈی حکام نے ملزمان کو عدالت میں پیش کیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزمان کو 13 اپریل تک جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا۔ گرفتار ہونے والوں میں نعیم اللہ، انعام اللہ اور محمد طائب گل شامل ہیں۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان کا تعلق فتنہ الخوارج کے حافظ بہادر گروپ سے ہے اور یہ دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث ہیں۔ ملزمان کی نشاندہی پر دیگر ساتھیوں کی گرفتاری بھی متوقع ہے۔
حکام نے بتایا کہ سی ٹی ڈی کو ملزمان کا سابقہ کریمنل ریکارڈ چیک کرنا ہے اور ممکنہ طور پر 20 اپریل تک ان کا جسمانی ریمانڈ بڑھایا جا سکتا ہے، ملزمان کے خلاف دھماکہ خیز مواد رکھنے کے حوالے سے الگ الگ مقدمات بھی درج ہیں۔
دوسری جانب ضلع گجرات کے علاقے جلالپور جٹاں میں پولیس نے ڈکیتی اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث دو رکنی بدنام زمانہ "رفاقت عرف فاقا” گینگ کو گرفتار کر لیا، گرفتاریاں ڈی پی او گجرات ڈاکٹر مستنصر عطاء باجوہ کی ہدایت پر عمل میں آئیں۔
ڈی ایس پی صدر سرکل غازی آصف علی بیگ کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ سٹی جلالپور جٹاں انسپکٹر سرفراز یوسف، اے ایس آئی محمد اشرف اور دیگر پولیس اہلکاروں نے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت استعمال کرتے ہوئے کامیاب کارروائی کی۔