پاکستان معدنی معیشت میں عالمی رہنما بننے کے لیے تیار ہے، آرمی چیف

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان مستقبل میں عالمی سطح پر معدنی معیشت میں اہم کردار ادا کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم 2025 سے خطاب کرتے ہوئے جنرل عاصم منیر نے عالمی اداروں کو خوش آمدید کہا اور ان پر زور دیا کہ وہ اپنی مہارت کے ذریعے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں اور ہمارے قدرتی وسائل کو ترقی دینے میں شراکت داری کریں۔

latest urdu news

انہوں نے کہا کہ ملکی معدنی وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے ماہر انجینئرز، جیالوجسٹ، تجربہ کار کان کن اور آپریٹرز کی ضرورت ہے۔ اسی مقصد کے تحت پاکستانی طلبا کو بیرون ملک تربیت دی جا رہی ہے تاکہ ان شعبوں میں مہارت حاصل کی جا سکے، فی الحال بلوچستان کے 27 طلبا زیمبیا اور ارجنٹینا میں منرل ایکسپلوریشن کی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ اقتصادی ترقی، اب قومی سلامتی کا ایک بنیادی پہلو بن چکی ہے، اور پاک فوج سرمایہ کاروں کے اعتماد اور مفادات کے تحفظ کے لیے ایک جامع سکیورٹی نظام مہیا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معدنی صنعتوں کے مکمل سلسلے یعنی اپ اسٹریم اور ڈاؤن اسٹریم پہلوؤں کو فروغ دیا جائے گا، اور مقامی سطح پر ریفائننگ اور ویلیو ایڈیشن میں سرمایہ کاری ضروری ہے تاکہ اخراجات میں کمی آئے اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی ممکن ہو۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ جب ہمارے پاس زمین کے نیچے بیش قیمت خزانے، ہاتھوں میں مہارت، اور ایک شفاف معدنی پالیسی موجود ہے، تو پھر ہمیں کسی مایوسی یا غیرفعالیت کی کوئی گنجائش نہیں، اب وقت ہے آگے بڑھنے اور پاکستان کی ترقی کے لیے کردار ادا کرنے کا۔

انہوں نے کہا کہ ہم تمام شراکت داروں اور سرمایہ کاروں کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے ماحول محفوظ اور معاون ہے اور ہم آپ کی مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔

آخر میں جنرل عاصم منیر نے بلوچ قبائلی عمائدین کی خدمات کو سراہا جنہوں نے معدنی ترقی اور بلوچستان کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا، باہمی تعاون سے ہم معدنی شعبے کو قومی اور علاقائی سطح پر ترقی، خوشحالی اور پائیداری کا ذریعہ بنا سکتے ہیں۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter