گجرات: ضلعی دفتر زکوٰۃ کمیٹی گجرات کے زیر اہتمام زکوٰۃ ڈے کے موقع پر آگاہی سیمینار منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ زکوٰۃ آفیسر رضوان منظور سمیت دیگر افسران، تاجر برادری اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ زکوٰۃ آفیسر رضوان منظور نے کہا کہ زکوٰۃ ایک مذہبی فریضہ ہے، جسے صاحب حیثیت افراد سے جمع کر کے مستحق لوگوں تک شفاف طریقے سے پہنچایا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ زکوٰۃ و عشر کے تحت بیوگان، مساکین، معذور افراد اور نادار شہریوں کو گزارہ الاؤنس کی صورت میں مالی امداد فراہم کی جاتی ہے، جو بینک اور بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے مستحقین تک پہنچتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فنی اداروں، کالجز، یونیورسٹیز اور دینی مدارس کے مستحق طلبا و طالبات کو زکوٰۃ فنڈز سے تعلیمی وظائف دیے جا رہے ہیں، جبکہ سرکاری اسپتالوں میں زیر علاج مستحق مریضوں کے لیے ادویات کی مفت فراہمی بھی یقینی بنائی گئی ہے۔
ڈسٹرکٹ زکوٰۃ آفیسر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی زکوٰۃ محکمہ زکوٰۃ کے سرکاری اکاؤنٹ میں جمع کروائیں تاکہ مستحق افراد کو ان کا حق دیا جا سکے۔