امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے ایران کو ایک خط بھیجا ہے جس میں جوہری معاہدے پر مذاکرات کی پیشکش کی گئی ہے۔
واشنگٹن، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے ایران کو ایک خط ارسال کیا ہے، جس میں جوہری معاہدے پر مذاکرات کی پیشکش کی گئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ تہران بات چیت کے لیے آمادہ ہوگا۔
فاکس بزنس نیٹ ورک کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ میں نے لکھا کہ امید ہے آپ مذاکرات کریں گے، کیونکہ یہ ایران کے لیے زیادہ بہتر ہوگا، ایران کا جوہری ہتھیار بنانا ناقابل قبول ہے اور اس مسئلے کے حل کے لیے بات چیت ضروری ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ یہ خط انہوں نے ایران کی قیادت، ممکنہ طور پر سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو بھیجا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "مجھے لگتا ہے کہ وہ اس خط کو حاصل کرنا چاہتے ہیں،” اور مزید کہا کہ اگر ایران بات چیت پر راضی نہیں ہوتا تو امریکا کو کوئی اور قدم اٹھانا ہوگا، کیونکہ کسی اور جوہری ہتھیار کو بننے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
دوسری جانب امریکا نے کہا ہے کہ شریف اللہ کی گرفتاری میں پاکستان کا نمایاں کردار رہا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان، ٹیمی بروس نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان اور امریکا کے تعلقات انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے شریف اللہ کی گرفتاری میں تعاون پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔