امریکا میں چھٹیوں سے واپسی کے دوران پیٹرول بھروانے کے لیے ایک مختصر سا پڑاؤ شادی شدہ جوڑے کی زندگی بدلنے کا سبب بن گیا، جہاں اتفاقاً خریدے گئے لاٹری ٹکٹ نے انہیں 5 لاکھ ڈالر کا انعام دلا دیا۔
امریکی ریاست مشی گن کے جینیسی کاؤنٹی سے تعلق رکھنے والا 64 سالہ شخص اپنی اہلیہ کے ہمراہ چھٹیاں گزارنے کے بعد گھر واپس جا رہا تھا کہ راستے میں گاڑی میں پیٹرول ڈلوانے کے لیے اسٹینڈِش کے ایک پیٹرول اسٹیشن پر رکا۔
خوش قسمت شخص کے مطابق اس کا پہلے سے لاٹری ٹکٹ خریدنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، تاہم ادائیگی کے لیے قطار میں کھڑے ہونے کے دوران اس کے سامنے موجود ایک شخص نے متعدد اسکریچ آف ٹکٹ خریدے، جس کے بعد اس نے بھی قسمت آزمانے کا فیصلہ کرلیا۔
میاں بیوی نے اپنے لیے دو، دو لاٹری ٹکٹ خریدے اور گھر پہنچنے کے بعد رات کے وقت بیٹھ کر انہیں اسکریچ کرنا شروع کیا۔
اس دوران شوہر نے ایک ٹکٹ پر 5 لاکھ ڈالر کا انعام جیتنے کا دعویٰ دیکھا تو پہلے پہل اسے اپنی آنکھوں پر یقین نہ آیا۔
وعدہ نبھانے کی حیران کن مثال، 25 سال بعد شخص اپنے خاندان سے جا ملا
خوش قسمت شخص کا کہنا تھا کہ اس نے اور اس کی اہلیہ نے کئی مرتبہ ٹکٹ کو غور سے دیکھا اور دوبارہ چیک کیا تاکہ یہ یقین ہوسکے کہ قسمت نے واقعی ان پر مہربانی کی ہے اور وہ پانچ لاکھ ڈالر کے انعام کے حقدار بن چکے ہیں۔
یوں چھٹیوں سے واپسی کے دوران پیٹرول پمپ پر چند لمحوں کے لیے رکنا اس امریکی جوڑے کے لیے زندگی بھر یاد رہنے والا خوش قسمت واقعہ ثابت ہوا۔
