جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (DHQ) ہسپتال کا دورہ کیا اور جدید کیتھ لیب میں جاری دل کے ایک آپریشن کا براہِ راست مشاہدہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کیتھ لیب میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور ڈاکٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹرز اور طبی عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اسٹیٹ آف دی آرٹ کیتھ لیب کے قیام سے اب دل کے مریضوں کو اینجیوگرافی اور اینجیوپلاسٹی کیلئے راولپنڈی یا لاہور جانے کی ضرورت نہیں رہی۔
انہوں نے کہا کہ جہلم میں شہریوں کو مقامی سطح پر چوبیس گھنٹے مفت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جو ایک خوش آئند اقدام ہے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے او پی ڈی، ایمرجنسی اور جنرل وارڈز کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے صفائی ستھرائی، طبی سہولیات اور عملے کی حاضری کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے زیر علاج مریضوں کی عیادت بھی کی اور ان سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ، کیتھ لیب اور ایمرجنسی کا تفصیلی معائنہ
اس موقع پر انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوام کو مفت ادویات سمیت علاج معالجے کی بہترین سہولیات بلاامتیاز فراہم کی جائیں اور مریضوں کی دیکھ بھال میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ہسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانے اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ایسے سرپرائز دورے آئندہ بھی جاری رہیں گے۔
