بجلی صارفین کو فیول ایڈجسٹمنٹ کے اضافی بوجھ سے بچانے کا فیصلہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وفاقی حکومت نے بجلی صارفین کو ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کے اچانک اضافے سے بچانے کے لیے نیا طریقہ کار تجویز کر دیا ہے۔ اس کے تحت اکتوبر سے دسمبر 2026 تک تین ماہ کے لیے فیول ایڈجسٹمنٹ میں اضافہ 83 پیسے فی یونٹ تک محدود رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

latest urdu news

تین ماہ کے لیے یکساں فیول ایڈجسٹمنٹ کی تجویز

ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق حکومت نے بجلی صارفین کو قیمتوں میں غیر یقینی صورتحال اور اچانک مالی بوجھ سے تحفظ دینے کے لیے تین ماہ کے دوران یکساں فیول ایڈجسٹمنٹ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس مقصد کے لیے پاور ڈویژن نے فیول ایڈجسٹمنٹ کا نیا پیشگی طریقہ کار تجویز کیا ہے، جسے ’فارورڈ لکنگ میکنزم‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس کی منظوری کے بعد نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو نئے طریقہ کار سے متعلق باقاعدہ پالیسی ہدایات جاری کی جائیں گی۔

سردیوں میں مہنگی بجلی کی پیداوار کا مسئلہ

پاور ڈویژن کے ترجمان نے وضاحت کی کہ سردیوں کے موسم میں پن بجلی کی پیداوار کم ہو جاتی ہے، جس کے باعث بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے تھرمل ذرائع پر انحصار بڑھ جاتا ہے۔

ترجمان کے مطابق سردیوں کے بعض مہینوں میں بجلی کی مجموعی پیداوار میں مہنگے تھرمل ایندھن کا حصہ 80 فیصد سے بھی تجاوز کر جاتا ہے، جس سے فیول ایڈجسٹمنٹ کی لاگت میں اضافے کا خدشہ رہتا ہے۔

ملک بھر کے بجلی صارفین پر ایڈجسٹمنٹس کا بھاری بوجھ منتقل ہونے کا خدشہ

عالمی منڈی میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کا اثر

پاور ڈویژن کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے باعث عالمی منڈی میں ایندھن کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا، تاہم حکومتی اقدامات کے ذریعے اپریل سے ستمبر 2026 تک صارفین کو فی یونٹ 6 سے 7 روپے کے اضافی بوجھ سے بچایا گیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ اس عرصے کے دوران فیول اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اوسط اضافہ 2 روپے 38 پیسے فی یونٹ رہا۔

بجلی کے قومی اور صنعتی نرخوں میں کمی کا دعویٰ

پاور ڈویژن کے مطابق مارچ 2024 میں موجودہ حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے وقت بجلی کا قومی اوسط ٹیرف 53 روپے 4 پیسے فی یونٹ تھا، جو مارچ 2026 تک 8 روپے 76 پیسے کم ہو کر 44 روپے 28 پیسے فی یونٹ رہ گیا۔

اسی طرح مارچ 2024 سے مارچ 2026 کے دوران صنعتی بجلی کے نرخ میں 18 روپے 49 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی۔ ترجمان کے مطابق صنعتی ٹیرف 62 روپے 99 پیسے سے کم ہو کر 44 روپے 50 پیسے فی یونٹ پر آگیا۔

ماخذ: روزنامہ جنگ 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں