اسلام آباد: کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے دسمبر میں بجلی کی قیمت میں اضافے کا خدشہ ہے، جس کے تحت سہ ماہی اور ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کی مد میں مجموعی اضافہ 4 روپے 22 پیسے فی یونٹ تک پہنچنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ اس وقت صارفین ان دونوں ایڈجسٹمنٹس کی مد میں 2 روپے 89 پیسے فی یونٹ ادا کر رہے ہیں۔
دسمبر میں بجلی صارفین پر اضافی بوجھ پڑنے کا امکان
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت دسمبر میں بجلی کی قیمتوں سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں بجلی کی قیمت اور صارفین پر ممکنہ اضافی مالی بوجھ کے حوالے سے تفصیلات پیش کی گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نومبر کے مقابلے میں دسمبر کے دوران سہ ماہی اور ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کی مد میں صارفین پر مزید ایک روپے 33 پیسے فی یونٹ بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو بجلی کی قیمتوں سے متعلق صورتحال سے آگاہ کیا گیا ہے، جبکہ حکومت کی کوشش ہے کہ بجلی صارفین پر اضافی مالی بوجھ کم سے کم منتقل کیا جائے۔
سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں 1 روپے 34 پیسے اضافے کی درخواست
ذرائع کے مطابق بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے جولائی سے ستمبر 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں درخواست دائر کر رکھی ہے۔
درخواست میں آئندہ تین ماہ کے لیے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 34 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری مانگی گئی ہے۔ نیپرا اس درخواست پر سماعت مکمل کر چکا ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ آنا ابھی باقی ہے۔
اگر نیپرا درخواست منظور کرتا ہے تو اس اضافے کا اطلاق آئندہ تین ماہ کے لیے ہوگا اور بجلی صارفین کو اضافی رقم ادا کرنا پڑ سکتی ہے۔
ملک بھر کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں اسمارٹ میٹرز نصب کرنے کا فیصلہ
ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ میں 2 روپے 88 پیسے اضافے کا امکان
دوسری جانب اکتوبر 2026 کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی کی قیمت میں 2 روپے 88 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دائر کی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس اضافے کا اطلاق بھی دسمبر میں کیے جانے کا امکان ہے۔
دونوں درخواستوں میں شامل اضافوں کو ملایا جائے تو مجموعی رقم 4 روپے 22 پیسے فی یونٹ بنتی ہے، تاہم موجودہ 2 روپے 89 پیسے فی یونٹ کے مقابلے میں صارفین پر ممکنہ اضافی بوجھ ایک روپے 33 پیسے فی یونٹ ہوگا۔
واضح رہے کہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر نیپرا کا فیصلہ ابھی باقی ہے، اس لیے مجوزہ اضافوں اور ان کے حتمی اطلاق کا انحصار متعلقہ منظوریوں پر ہوگا۔
