پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ کے 12ویں ایڈیشن کی تاریخوں کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کا انعقاد 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک ہوگا، جبکہ مسلسل دوسرے سال لیگ میں 8 ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔
پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 12 کی ونڈو گورننگ کونسل اور تمام فرنچائزز کے ساتھ مشاورت کے بعد حتمی کی گئی ہے۔ شائقین کرکٹ کو ایک بار پھر ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
پی ایس ایل 12 میں 8 ٹیمیں شریک ہوں گی
پاکستان سپر لیگ کے 12ویں ایڈیشن میں گزشتہ سیزن کی طرح 8 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ پی ایس ایل کی گورننگ کونسل کا اجلاس یکم ستمبر کو لندن میں ہوا تھا، جس میں لیگ کی تمام 8 فرنچائزز کے مالکان اور نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں لیگ کے آئندہ سیزن کے مختلف پہلوؤں پر مشاورت کے بعد 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک کی ونڈو پر اتفاق کیا گیا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 12 کی تاریخوں کا اعلان لیگ کی تیاریوں کے سلسلے میں پہلا اہم مرحلہ ہے، جبکہ دیگر تفصیلات بعد میں سامنے لائی جائیں گی۔
پی ایس ایل 11 میں پلیئر آکشن متعارف ہوا
گزشتہ سیزن یعنی پی ایس ایل 11 میں لیگ کے نظام میں ایک اہم تبدیلی کی گئی تھی۔ پہلی مرتبہ کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے روایتی پلیئر ڈرافٹ کے بجائے پلیئر آکشن کا طریقہ متعارف کرایا گیا۔
پی ایس ایل 11 کا فائنل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جسے شائقین کی بڑی تعداد نے دیکھا۔ پی سی بی کے مطابق فائنل میں 32 ہزار 461 تماشائیوں کی شرکت ہوئی، جو لیگ کی تاریخ میں ریکارڈ حاضری تھی۔
پی ایس ایل کا اگلا ایڈیشن جنوری میں کرانے کی تجویز، نئی مشکلات بھی سامنے آگئیں
’پی ایس ایل 11 نے لیگ کی صلاحیت دنیا کو دکھائی‘
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پی ایس ایل 12 کی تاریخوں کے اعلان پر کہا کہ پی ایس ایل 11 نے دنیا کو لیگ کی صلاحیت دکھائی۔
ان کے مطابق گزشتہ ایڈیشن کے دوران سنسنی خیز مقابلے، ریکارڈ تعداد میں شائقین کی شرکت اور براڈکاسٹ کے حوالے سے نئے ریکارڈ دیکھنے میں آئے۔ انہوں نے آئندہ سیزن کو بھی شاندار انداز میں منعقد کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے بھی 2027 میں شائقین کی توقعات پر پورا اترنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل 12 کی ونڈو کا اعلان صرف پہلا قدم ہے، جبکہ لیگ کی تمام 8 ٹیمیں ٹائٹل جیتنے کے لیے پہلے سے زیادہ پرعزم ہوں گی۔ ان کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود لاکھوں کرکٹ شائقین پی ایس ایل 12 کے منتظر ہیں۔
پشاور زلمی دفاعی چیمپئن
پی ایس ایل 11 کا ٹائٹل پشاور زلمی نے اپنے نام کیا تھا۔ زلمی نے فائنل میں حیدرآباد کنگز مین کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر 9 سال بعد لیگ کی ٹرافی جیتی تھی۔
اب پی ایس ایل 12 میں پشاور زلمی اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کے لیے میدان میں اترے گی، جبکہ دیگر 7 ٹیمیں بھی ٹائٹل اپنے نام کرنے کی کوشش کریں گی۔
پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 12 کے حوالے سے ڈائریکٹ سائننگز، پلیئر آکشن، مکمل شیڈول، میچز کے وینیوز اور ٹکٹنگ سے متعلق تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
18 مارچ 2027 سے شروع ہونے والی لیگ کا فائنل 2 مئی کو ہوگا، جس کے ساتھ پاکستان سپر لیگ کے 12ویں ایڈیشن کا اختتام ہوگا۔
