اداکارہ نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام کے ذریعے خوشخبری سنائی، جس کے بعد شوبز شخصیات اور مداحوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کے ہاں جلد ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے۔ اداکارہ نے اس خوشخبری کا اعلان سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے کیا، جس کے بعد ان کی پوسٹ تیزی سے وائرل ہوگئی۔
ماہرہ خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی ایک تصویر شیئر کی اور کیپشن میں لکھا، ’’ہم منصوبے بناتے ہیں لیکن پھر اللہ بہترین منصوبہ بندی کرنے والا ہے۔‘‘
اداکارہ کے اس اعلان کے بعد مداحوں اور شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے انہیں زندگی کے اس نئے سفر پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
شوبز شخصیات کی جانب سے مبارکباد
ماہرہ خان کی پوسٹ پر متعدد فنکاروں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے دعائیں کیں۔
اداکارہ مایا علی نے کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ماہرہ اور ان کے شوہر کے لیے بے حد خوش ہیں اور ان کے لیے ڈھیروں دعائیں اور محبت بھیج رہی ہیں۔
اداکارہ صبور علی نے بھی ماہرہ خان کی پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ اللہ کے منصوبے ہی ہمیشہ سب سے زیادہ پسند آتے ہیں۔
اس کے علاوہ یمنیٰ زیدی، ایمن خان، ثروت گیلانی اور صنم جنگ سمیت دیگر شوبز شخصیات نے بھی ماہرہ خان کی پوسٹ پر تبصرے کیے اور انہیں مبارکباد دی۔
ماہرہ خان کا فلمی دنیا سے عارضی کنارہ کشی کا اعلان، ڈرامہ پراجیکٹ پر توجہ دینے کا فیصلہ
ماہرہ خان کی دوسری شادی
واضح رہے کہ ماہرہ خان نے اکتوبر 2023 میں سلیم کریم سے دوسری شادی کی تھی۔ دونوں کی شادی کی تقریب پاکستان میں منعقد ہوئی تھی، جس کی تصاویر اور ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر خاصی مقبول ہوئی تھیں۔
اس سے قبل ماہرہ خان نے 2007 میں علی عسکری سے شادی کی تھی، تاہم دونوں کی ازدواجی زندگی 2015 میں اختتام پذیر ہوگئی تھی۔
ماہرہ خان کا ایک بیٹا اذلان بھی ہے، جو 2009 میں پیدا ہوا تھا۔ اداکارہ نے اپنے بیٹے کی پرورش اور اپنی پیشہ ورانہ زندگی کے درمیان توازن برقرار رکھنے کے حوالے سے بھی مختلف مواقع پر بات کی ہے۔
اب ماہرہ خان کی جانب سے خوشخبری کے اعلان کے بعد مداح ان کی زندگی کے اس نئے مرحلے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔
