پاکستان کے محمد زبیر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ای اسپورٹس ورلڈ کپ میں ٹیکن 8 کا عالمی ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
پاکستان کے معروف گیمر محمد زبیر نے جنوبی کوریا کے کھلاڑی لو ہائی کو فائنل میں 5-0 سے شکست دے کر ٹیکن 8 کا ٹائٹل جیت لیا۔
پیرس کے ایکسپو پورٹ دے ورسائی میں 5 سے 8 اگست تک ہونے والے مقابلوں میں دنیا بھر سے 32 کھلاڑیوں نے شرکت کی، جہاں محمد زبیر نے مسلسل شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی اعزاز حاصل کیا۔
محمد زبیر نے سیمی فائنل میں اپنے ہم وطن اور معروف پاکستانی گیمر ارسلان ایش کے خلاف سنسنی خیز مقابلہ کیا اور انہیں 5-4 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔
ارسلان ایش بعد ازاں آسٹریلیا کے یگامی کے ہاتھوں شکست کے بعد چوتھی پوزیشن پر رہے۔ وہ اس سے قبل لاس ویگاس میں 2026 ایوو چیمپئن شپ جیت کر مسلسل چوتھی مرتبہ عالمی اعزاز اپنے نام کر چکے ہیں۔
ٹائٹل جیتنے پر محمد زبیر کو ٹرافی کے ساتھ انعامی رقم اور کلب چیمپئن شپ کے پوائنٹس بھی دیے گئے۔ دستیاب معلومات کے مطابق ٹائٹل کے ساتھ 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی انعامی رقم اور کلب چیمپئن شپ کے 1,000 پوائنٹس حاصل کیے۔
ٹیکن چیمپئن ارسلان ایش ویزہ مسائل کے باعث اہم ٹورنامنٹس سے باہر
محمد زبیر کی شاندار کامیابی پر ای اسپورٹس ورلڈ کپ کی انتظامیہ نے بھی سوشل میڈیا پر انہیں مبارکباد پیش کی۔
ٹیکن 8 دنیا کی مقبول فائٹنگ گیمز میں شامل ہے، جبکہ ای اسپورٹس ورلڈ کپ میں ٹیکن 8 سمیت مختلف معروف گیمز کے مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں۔
محمد زبیر کی کامیابی کو پاکستانی ای اسپورٹس کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
