ٹرمپ نے سعودی عرب کے ساتھ سول جوہری معاہدے کی منظوری دے دی، امریکی میڈیا کا دعویٰ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

واشنگٹن: امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کے ساتھ سول جوہری تعاون کے معاہدے کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان پرامن ایٹمی توانائی کے شعبے میں طویل المدتی شراکت داری قائم کرنا ہے۔

latest urdu news

رپورٹ کے مطابق مجوزہ معاہدے کے تحت امریکی کمپنیاں سعودی عرب میں سول جوہری منصوبوں کی تعمیر، تکنیکی معاونت، تربیت اور جدید ایٹمی ٹیکنالوجی کی فراہمی میں کردار ادا کریں گی۔ اس تعاون سے سعودی عرب کو بجلی کی پیداوار بڑھانے، متبادل توانائی کے ذرائع کو فروغ دینے اور مستقبل کی توانائی ضروریات پوری کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق معاہدہ امریکی قانون کے تحت کانگریس میں جائزے اور منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، جہاں ارکان کو اس کی تفصیلات کا جائزہ لینے اور حتمی فیصلہ کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب اپنی ویژن 2030 حکمت عملی کے تحت توانائی کے شعبے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر رہا ہے اور خام تیل پر انحصار کم کرنے کے لیے سول جوہری پروگرام کے قیام کا خواہاں ہے۔

سعودی عرب نے ایشیا کے لیے خام تیل سستا کر دیا، عالمی منڈی میں قیمتوں پر دباؤ

امریکی حکام کے مطابق اس تعاون میں بین الاقوامی ایٹمی ضوابط، حفاظتی اقدامات اور عدم پھیلاؤ کے اصولوں کو مدنظر رکھا گیا ہے تاکہ جوہری پروگرام صرف پرامن مقاصد تک محدود رہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر امریکی کانگریس اس معاہدے کی حتمی منظوری دے دیتی ہے تو یہ امریکا اور سعودی عرب کے تعلقات میں ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے، جس کے خطے کی توانائی، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے شعبوں پر بھی دور رس اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter