63 منفرد فیچرز سے مزین دنیا کی پیچیدہ ترین گھڑی متعارف، قیمت اربوں روپے سے تجاوز کر گئی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ویب ڈیسک: سوئٹزرلینڈ کی معروف گھڑی ساز کمپنی واشیرون کانسٹینٹن نے ایک ایسی منفرد پاکٹ واچ تیار کی ہے جس نے گھڑی سازی کی دنیا میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ "برکلے گرینڈ کامپلیکیشن” نامی اس گھڑی میں مجموعی طور پر 63 مختلف مکینیکل خصوصیات (Complications) شامل ہیں، جو اسے دنیا کی اب تک کی سب سے پیچیدہ گھڑی بناتی ہیں۔

latest urdu news

اس شاہکار گھڑی کی تیاری کا آغاز 2015 میں ایک گمنام خریدار کی خصوصی درخواست پر کیا گیا تھا۔ خریدار نے گھڑی میں عبرانی کیلنڈر، متعدد ایونٹس کا وقت بیک وقت ناپنے والی اسٹاپ واچ سمیت کئی منفرد فیچرز شامل کرنے کی شرط رکھی، جس کے بعد کمپنی کے ماہرین نے اس منصوبے پر کام شروع کیا۔

کمپنی کے انجینئرز اور گھڑی ساز ماہرین نے اس گھڑی کو مکمل کرنے میں آٹھ سال صرف کیے۔ ان کے مطابق اگر یہی تمام خصوصیات روایتی انداز میں شامل کی جاتیں تو گھڑی کا حجم ایک فٹ بال کے برابر ہو جاتا، تاہم جدید انجینئرنگ کی بدولت یہ تمام نظام صرف دو انچ قطر کے کیس میں سمو دیا گیا۔

18 قیراط سفید سونے سے تیار کردہ اس گھڑی کا وزن تقریباً 960 گرام ہے، جبکہ اس کے اندر 2,870 انتہائی باریک مکینیکل پرزے نصب کیے گئے ہیں۔ گھڑی کے دونوں اطراف مختلف فیچرز اور ڈائل اس انداز سے ترتیب دیے گئے ہیں کہ تمام معلومات بآسانی دیکھی جا سکتی ہیں۔

اس سے قبل دنیا کی سب سے پیچیدہ گھڑی کا اعزاز پٹیک فلپ کے پاس تھا، جس میں 33 مکینیکل خصوصیات موجود تھیں، تاہم نئی گھڑی نے اس ریکارڈ کو بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

اگرچہ واشیرون کانسٹینٹن نے اس نایاب گھڑی کی سرکاری قیمت ظاہر نہیں کی، تاہم ماہرین کے مطابق اس کی مالیت ایک کروڑ امریکی ڈالر (10 ملین ڈالر) سے بھی زیادہ ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 2 ارب 85 کروڑ روپے بنتی ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اس تاریخی گھڑی کی قیمت وقت گزرنے کے ساتھ مزید بڑھتی جائے گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter