اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی سفارتی کاوشوں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور عالمی امن کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے بقول وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششیں ایسی ہیں جنہیں کسی بھی بڑے عالمی اعزاز سے بڑھ کر قرار دیا جا سکتا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکراتی عمل کے آغاز اور پیش رفت سے خطے میں امن و استحکام کی نئی امید پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل ہوں تو نہ صرف خطہ بلکہ پوری دنیا ممکنہ تباہ کن نتائج سے محفوظ رہ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوبل امن انعام کس کو ملنا چاہیے، اس کا فیصلہ متعلقہ کمیٹی کرتی ہے، تاہم پاکستانی قیادت نے امن کے فروغ کے لیے جو کردار ادا کیا وہ غیرمعمولی اہمیت کا حامل ہے۔ ان کے مطابق جنگی ماحول کے خاتمے سے علاقائی استحکام اور عالمی معیشت دونوں کو فائدہ پہنچے گا۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ایران پر عائد پابندیوں میں نرمی یا خاتمے کی صورت میں توانائی کے متعدد منصوبوں پر پیش رفت ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کی بحالی سے توانائی بحران میں کمی آئے گی اور مستقبل میں عوام کو سستی توانائی کی فراہمی کے امکانات بھی روشن ہوں گے۔
آزاد کشمیر کے انتخابات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت شفاف، آزاد اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے مسائل کا حل منتخب عوامی قیادت ہی بہتر انداز میں نکال سکتی ہے اور انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سیاسی اختلافات کے حل کے لیے مذاکرات پر یقین رکھتی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اپوزیشن کو کئی بار بات چیت کی دعوت دے چکے ہیں اور امید ہے کہ سیاسی قوتیں قومی مفاد میں مذاکرات کا راستہ اختیار کریں گی۔
وفاقی کابینہ میں ممکنہ تبدیلیوں کے حوالے سے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اس وقت زیر گردش خبریں محض قیاس آرائیاں ہیں۔ ان کے مطابق وزیراعظم نے کابینہ میں ردوبدل یا توسیع کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا، البتہ آئینی طور پر یہ اختیار ان کے پاس موجود ہے۔
