صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ تمام سیاسی اور قومی قوتوں کو مل کر ریاستی اداروں کو مضبوط بنانا ہوگا تاکہ ملک کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔ مورو میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ کشیدگی کے دوران بھارت کو مؤثر جواب دے کر اپنی دفاعی صلاحیت ثابت کی۔
صدر زرداری کا کہنا تھا کہ جب بھارتی طیارے مار گرائے گئے تو بھارت کو اپنی پوزیشن کا اندازہ ہوگیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مختصر مدت کے تنازع میں پاکستان نے بھارت کو واضح پیغام دیا اور اپنی عسکری طاقت کا لوہا منوایا۔
بلاول بھٹو زرداری پانچ روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے
انہوں نے بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہاں ہونے والے واقعات کو عالمی اور بھارتی میڈیا میں مناسب جگہ نہیں دی جاتی۔ ان کے مطابق بھارتی حکومت سنجیدہ فیصلے کرنے کی صلاحیت کھو چکی ہے اور خطے میں کشیدگی بڑھانے کی پالیسی پر گامزن ہے۔
صدر مملکت نے اس موقع پر قومی یکجہتی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں اور عوام کو ایک صفحے پر آنا ہوگا۔
