امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے تناظر میں جنگ بندی کو مزید برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ پاکستان کی قیادت، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی درخواست پر کیا گیا۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ امریکہ ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں فی الحال روک رہا ہے تاکہ سفارتی عمل کو آگے بڑھنے کا موقع دیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جنگ بندی اسی وقت تک جاری رہے گی جب تک مذاکراتی عمل مکمل نہیں ہو جاتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے باضابطہ تجاویز آنے تک اس جنگ بندی میں توسیع برقرار رکھی جائے گی، تاکہ کسی ممکنہ تصادم سے بچا جا سکے اور مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جا سکے۔
ہرمز تنازع پر بیان بازی تیز: امریکا اور ایران کے مؤقف میں واضح اختلاف
دوسری جانب امریکی صدر نے اپنی افواج کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں ناکہ بندی بدستور جاری رہے گی اور فوج ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہے گی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مختلف ممالک سفارتی کوششیں تیز کر رہے ہیں۔
